اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایکٹنگ میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، ہم سب اس واقعے پر پریشان ہوئے تھے مگر بعد میں پتہ چلا یہ سب جھوٹ ہے، جھوٹے شخص کو کتنی گولیاں لگیں؟ سب ڈرامہ ہے، کتنی گولیاں لگیں، ڈاکٹرز کے بیانات میں بھی تضاد ہے، عجیب بات ہے فائرنگ کے واقعے کاعلاج کینسر ہسپتال میں کیا گیا، بغیر تحقیقات کے تین شخصیات پر الزام لگایا گیا۔
امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا کو چور کہنے والا خود چور نکل آیا، پہلے تو عمران خان کے جھوٹ بولنے پر جے آئی ٹی ہونی چاہیے، جھوٹے خط کو لہرانے پر بھی جے آئی ٹی ہونی چاہیے، ریاستی راز کو پبلک کرنے پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بھی یہ اپنی خواہش کے مطابق آرمی چیف لگانے کی کوشش میں ہے لیکن ماورائے قانون کچھ بھی نہیں ہو گا، عمران خان ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، پاکستان کو ایک بار پھر مشکلات کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، معیشت تباہ کرنے کے بعد دوبارہ الزام تراشی کی جارہی ہے۔