Monday November 10, 2025

“میجر جنرل فیصل کو پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے سپر جاسوس کہا جاتا ہے” سینیٹر سرفراز بگٹی حق میں کھل کر سامنے آگئے

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی پاک فوج کے افسر میجر جنرل فیصل نصیر کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔ یہ وہی فیصل نصیر ہیں جن پر عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ان پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی۔ سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا ” میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگوں کو یہ پسند نہیں آئے گا کہ میں جو ٹویٹ کرنے جا رہا ہوں لیکن میں سچ کو ٹویٹ کروں گا چاہے وہ کتنا ہی غیر مقبول، ناپسندیدہ یا کڑوا کیوں نہ ہو۔ میجر جنرل فیصل نصیر کے خلاف بہت زیادہ بیانیہ، حقائق کی غلط بیانی اور بے بنیاد الزامات ہیں۔ میجر جنرل فیصل کو حال ہی میں بریگیڈیئر کے عہدے سے ترقی دے کر ڈی جی سی کی ڈیوٹی سونپی گئی،

جو ڈی جی آئی ایس آئی کے بعد کور آف ملٹری انٹیلی جنس کے کیریئر آفیسر میں سب سے اہم کور ہے۔ انٹیلی جنس میں اپنی اسائنمنٹ کے دوران وہ سندھ اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کردار ادا کر رہے تھے۔ میں بحیثیت وزیر داخلہ بلوچستان کے اپنے دور میں ان کے کچھ کاموں سے ذاتی طور پر واقف ہوں۔ ان کے بہترین اور پیشہ ورانہ کام کی وجہ سے انہیں سپر جاسوس کہا جاتا تھا۔ سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بدقسمتی سے میرے ساتھی سینیٹر اعظم سواتی اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت نے میجر جنرل فیصل نصیر کے خلاف معمولی سیاسی فائدے کے لیے بدنیتی پر مبنی بے بنیاد مہم شروع کر رکھی ہے۔ یہ مہم دراصل ہمارے دشمن بھارت کو فائدہ پہنچارہی ہے۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی احتجاج اور سیاست کریں لیکن ریاست پاکستان کے لیے دن رات محنت کرنے والے اپنے ہی فرزند کے خلاف زہر پھیلانے سے پہلے دو بار سوچیں ، جنرل فیصل نصیر ایک سجے ہوئے ہیرو ہیں، براہ کرم اپنے سیاسی غصے کو آپ غلط سمت میں نہ جانے دیں۔