فیصل آباد : فیصل آباد میں مظاہرین کی جانب سے رانا ثناء اللہ کے گھر کا گھیراو، مشتعل مظاہرین کی جانب سے وزیر داخلہ کے گھر پر پتھراو بھی کیا گیا، مظاہرین کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء شیریں مزاری نے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے قتل کی دھمکی دی تھی، رانا ثناء اللہ کے بیانات اس کے عزائم کے گواہ ہیں۔ انہوں نے لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے ردعمل میں کہا کہ رانا ثناء اللہ نے قتل کی دھمکی دی تھی، آج ہم دیکھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے بیانات اس کے عزائم کے گواہ ہیں، رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
اسی طرح پی ٹی آئی رہنماء سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر براہ راست فائرنگ کی گئی، خان صاحب پر اسٹریٹ فائرنگ کی گئی، عمران خان کی الٹی ٹانگ میں تین گولیاں لگی ہیں، خون روکنے کیلئے پٹی باندھی گئی ہے،گولیاں لگنے کے بعد عمران خان نے کہا کہ مت گھبراؤ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کا رانا ثناء اللہ کو موردالزام ٹھہراتے ہیں، رانا ثناء اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ واضح رہے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، اللہ والا چوک میں پی ٹی ائی استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی، عمران خان کو گولی لگی ہے اور وہ بہتر حالت میں ہیں۔ گولی لگنے سے عمران خان کی ٹانگ میں زخم آیا، عمران خان کو لاہور منتقل کیا گیا، فیصل جاوید کو بھی ایک گولی لگی، عمران خان ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے، زیادہ تر لوگ جسم کے نچلے حصے میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے ایک برسٹ چلایا اور بعد میں ایک اور گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے، پولیس نے حملہ آور کو تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق فائرنگ سے کنٹینر کے سامنے کھڑے لوگ زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اسی طرح ٹی ایچ کیو وزیر آباد کا کہنا ہے کہ معظم کو زخمی حالت میں ہسپتا ل منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے رہنماء پی ٹی آئی فیصل جاوید ،احمد چٹھہ، حمزہ، زاہد ،محمد عمران ، محمد فاروق، لیاقت اور راشد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے، اور فائرنگ واقعے پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔