وزیر آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر وزیر آباد کے قریب فائرنگ ہوئی جس سے عمران خان زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان کے سیکیورٹی گارڈ کو بھی حملے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے جس کے حوالے سے اب عالمگیر خان کا بیان آگیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ایم این اے عالمگیر خان کے مطابق گرفتار شخص ان کا گارڈ ہے جسے غلطی سے پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کے قافلے جیسے ہی پہنچے تو اسی وقت حملہ ہوا، ان کا ایک سیکیورٹی گارڈ پیچھے رہ گیا تھا جس کو لوگوں نے حملے کے شبہے میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے جس گارڈ کو پکڑا گیا ہے اس کا نام محمد اونل خان ہے اور وہ کراچی سے ہی ان کے ساتھ آ رہا تھا، اس حوالے سے جھوٹ نہ پھیلایا جائے۔ خیال رہے کہ عمران خان کا قافلہ آج وزیر آباد کے قریب تھا ، کپتان کنٹینر پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ کی گئی ۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بعض صحافیوں اور دیگر لوگوں کی جانب سے یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ فائرنگ دراصل عالمگیر خان کے گارڈ نے کی ہے تاہم اب گرفتار حملہ آور کا ویڈیو بیان سامنے آنے اور عالمگیر خان کا بیان آنے کے بعد صورت حال واضح ہوگئی ہے۔
رانا ثناءاللہ جھوٹ نہ پھیلائے pic.twitter.com/BK32I6Tvbt
— Alamgir Khan (@AKFixit) November 3, 2022