ایڈیلیڈ : ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں دلچسپ مقابلے بعد بھارت نے بنگلادیش کو 5 رنز سے ہرادیا۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ بھارت نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لیوئس میتھیڈ کے تحت 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دیا، حریف ٹیم 6 وکٹ پر 145 رنز بناسکی۔ بنگلادیش نے ہدف کے تعاقب کےلیے زبردست آغاز کیا، اس کی پہلی وکٹ 8 ویں اوورز میں 68 رنز پر گری تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور میچ پر بھارت کی گرفت مضبوط ہوتی چلی گئی۔
بنگلادیش کو جیت کے لیے آخری اوور میں 20 رنز درکار تھے لیکن وہ 14 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، یوں بھارت میچ 5 رنز سے جیت گیا۔ میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر بھارت نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 184 رنز بنائے۔ بھارت کے ویرات کوہلی 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کے ایل راہول 50 اور سوریاکمار یادیو نے 30 رنز بنائے۔
بنگلادیش کے حسن محمود نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دونوں ٹیموں نے پلیئنگ الیون میں ایک ایک تبدیلی کی ہے۔ بنگلادیش نے سومیا سرکار کی جگہ شرف الاسلام اور بھارت نے دیپک ہودا کی جگہ اکسر پٹیل کو میچ کھلایا ہے۔ گروپ 2 میں اس وقت بھارت دوسرے اور بنگلادیش تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان اب تک 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بھارت نے 10 میں فتح حاصل کی۔ بنگلادیش کی ٹیم نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک ہی شکست 2019ء میں دی تھی۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بنگلادیش کی ٹیم اگر آج بھارت کو شکست دیتی ہے اور پاکستان اپنے بقیہ دونوں میچز جیت گیا تو قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی اُمیدیں زندہ رہیں گی۔