Monday November 25, 2024

عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بناکر دے دیا جس دن عمران خان اسلام آباد پہنچے گا، اس دن عوام کا سمندر ہوگا۔ اسد عمر

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بناکر دے دیا، عمران خان نے جو جو جدوجہد کی قوم بیدار ہو چکی ہے، عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ وہ تیار ہیں، ایک دم سے نہیں کہہ سکتے کہ کیا منصوبہ ہے، دو آپشن تھے جلدی کر کے جمعے تک اسلام آباد پہنچیں یا دن زیادہ لگتے ہیں تو لگ جائیں، صورتحال دیکھ کرہی حکمت عملی طے ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہہ رہے ہیں 200لوگ نکل رہے ہیں ،دوسری طرف عدالت سے رجوع کرلیا، اگر 200 لوگ نکل رہے ہوتے تو اسلام آبادکو کنٹینرز سے بند نہ کر دیا جاتا، حکمرانوں کو نظر آرہا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، عمران خان میں عوام کو موبلائز کرنے کی صلاحیت ہے، جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، جس دن عمران خان اسلام آباد پہنچے گا، اس دن عوام کا سمندر ہوگا، نوازشریف کو کہنا چاہتا ہوں کہ جی ٹی روڈ بدل چکی ہے، یہ وہ جی ٹی روڈ نہیں جو آپ چھوڑ کر گئے تھے، کوئی لندن امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے اسی عوام سے ووٹ لیتے ہیں اسی کو جتھے کہتے ہیں، جو غلطی سے وزیر اعظم بن گئے ،ان کو خود یقین نہیں کہ وہ اس عہدے پرہیں، ہمارے ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے، ہم پہل نہیں کریں گے ،یہ حکومت بیرونی مداخلت سے آئی، ملک جن حالات سے آج گزر رہاہے اس سے پہلے کبھی نہیں گزرا، فوری انتخابات ملک کے لیے ناگزیر ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس میں مداخلت کی بات تسلیم ہوئی تھی، افواج پاکستان کی ملک کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکی ادارے اسلحہ سے مضبوط نہیں ہوتے مضبوط قوم پیچھے ہوتی ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد طریقہ الیکشن ہے۔

FOLLOW US