اسلام آباد : کینیا میں قتل ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحہ اور پھر اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میت کو وصول کیا۔ میت وصولی کیلئے اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر مقتول ارشد شریف کے اہل خانہ، تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری، مراد سعید اور صحافی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرات کو دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد ایچ الیون میں ان کی تدفین کی جائے گی، ارشد شریف کی میت نجی ہسپتال کے سردخانے میں موجود ہے،ہسپتال کے باہر سکیورٹی سخت، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے ۔ ایئرپورٹ پر میت پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم اور لہجہ غمزہ تھا، ارشد شریف کے اہل خانہ غم سے چور نظر آرہے تھے۔