Saturday November 23, 2024

کینیا میں مقیم پاکستانیوں کے مطابق ارشد شریف کو پہلے گولیاں ماری گئیں،شہباز گِل

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کا کہنا ہے کہ کینیا میں مقیم پاکستانیوں سے بات ہوئی ہے۔ان کے مطابق ارشد کے سر پر گولی ماری گئیں۔ان کے مطابق ایسا لگ رہا ہے کہ ارشد کو پہلے گولیاں مار کر قتل کیا گیا،پھر ڈرامے بازی کے لئے گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ شہباز گِل نے ٹویٹر پر بتایا کہ ڈرائیور سکتے میں ہے وہ کسی سے کوئی بات نہیں کر رہا،ڈرائیور خوفزدہ ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ارشد شریف کے قتل پر طاقتور جوڈیشل کمیشن بنانا کا مطالبہ کیا ہے،سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ کینیا کا میڈیا ارشد شریف کی شہادت پر پاکستانی میڈیا سے زیادہ اہم سوالات اٹھا رہا ہے۔اس سے اندازہ لگا لیں کہ پاکستانی میڈیا اس وقت کتنے زیادہ سنسر شپ اور جبر کا شکار ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معاملے پر طاقتور جوڈیشل کمیشن بنانا پاکستان کی جمہوریت کی ضرورت ہے،ارشد شریف کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ قبل ازیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ارشد شریف کا قتل دو الگ ممالک کا معاملہ ہے،ابھی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی ضرورت نہیں،ریاستی ادارے اس معاملے کو زیادہ بہتر حل کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ارشد شریف کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔وزارت داخلہ اور خارجہ کی جانب سے ارشد شریف کے قتل سے متعلق رپورٹ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے پاس جمع کرائی گئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا کوئی ارشد شریف کی فیملی کے پاس گیا ہے؟کیا انہیں کوئی معاونت چاہئے؟ بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ ارشد شریف کا جسد خاکی آج پہنچ جائے گا،ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ وہ آج صرف اسی کیس کی سماعت کے لیے آئے ہیں۔اس موقع پرڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے،کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آ جائے،اگر انہیں اس پر کوئی اعتراض ہوا تو اس کیس کو مزید سن لیا جائے۔

News Source: Urdupoint

FOLLOW US