Monday November 25, 2024

فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کی کامیابی کے اصل ہیرو عمران خان اور آرمی چیف ہیں، پرویز الہٰی کا ردعمل

اسلام آباد : وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا ہے کہ فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کی کامیابی کے اصل ہیرو عمران خان اور آرمی چیف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیے جانے کے فیصلے پر وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ وزیر اعلٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اس کامیابی کے اصل ہیرو ہیں، کامیابی کا سہرا عمران خان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کا گرے لسٹ سے نکلنے میں وہی کردار ہے جو کرکٹ میچ میں بارہویں کھلاڑی کا ہوتا ہے، مسلم لیگ ن کے دور میں پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا، ن لیگ کو ڈھٹائی سے اس کامیابی کا کریڈٹ لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا، جمعہ کے روز جاری بیان میں صدر فیٹف ٹی راجہ کمار نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا، فیٹف گرے لسٹ نکلنے کے بعد پاکستان کیلئے غیرملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہوجائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کے زیادہ تر ممبران پاکستان کی کارکردگی سے مطمئن تھے، پاکستان نے فیٹف ایکشن پلان پر وقت سے پہلے عملدرآمد کیا ، پاکستان نے اینٹی ٹیرر فنانسنگ میں کامیاب اقدامات کئے، فیٹف اجلاس نے کہا کہ انسدادی دہشتگردی سے متعلق پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ صدر فیٹف نے قرار دیا کہ پاکستان نے 34 نکات پر عملدرآمد کیا ہے، پاکستان اب منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ کو بہتر انداز میں روک سکتا ہے۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا، اینٹی منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ قانون پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ فیٹف نے پاکستان کو 2018 میں گرے لسٹ میں شامل کیا تھا، پاکستان کی جانب سے فیٹف کا آخری ایکشن پلان جون 2022 میں مکمل کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان ک گرے لسٹ سے نجات ملی۔

اسی طرح وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال لیا گیا، گرے لسٹ سے نکلنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا کہ آخرکار پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، ایف اے ٹی ایف کا اجلاس گذشتہ 2 روز سے جاری تھا، اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے تمام اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ اس کامیابی کا کریڈٹ تمام سیاسی جماعتوں کو جاتا ہے، پاکستان چار سالوں سے فیٹف کی گرے لسٹ میں تھا۔

FOLLOW US