Monday November 25, 2024

افغانستان کیخلاف شاہین شاہ کی تباہ کن باؤلنگ ٹیم انڈیا کیلئےوارننگ ہے، بھارتی میڈیا خوفزدہ

لاہور : شاہین شاہ کی تین ماہ بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی ، افغانستان کے خلاف تباہ کن باؤلنگ کو بھارتی میڈیا نے ٹیم انڈیاکیلئے وارننگ قرار دیدیا۔ بھارتی نیوز ویب سائٹ “نیوز18” نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے چوٹ کے بعد میدان میں شاندار وپسی کی ، انہوں نے جس طرح افغانستان کیخلاف گیند بازی کی یہ ٹیم انڈیا کیلئے ایک وارننگ ہے ۔ افریدی نے نئی گیند سے کمال کی گیند بازی کی اور پہلے دو اوور میں ہی دو وکٹ لے کر افغانستان پر دھاک بٹھا دی ۔ وارم اپ میچ میں بارش کی انٹری کی وجہ سے میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا مگر شاہین سب کی توجہ کے مرکز بن گئے ۔

ویب سائٹ نے لکھا کہ 22 سال کے نوجوان نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر رحمان اللہ گرباز کو نہ صرف ایل بی ڈبلیو کیا بلکہ رحمان اللہ گرباز شدید زخمی ہو گئے ، ان کے ساتھی انہیں کندھے پر اٹھا کر میدان سے باہر لے کر گئے ۔ شاہین نے اپنے اگلے اوور میں حضرت اللہ زازئی کو بولڈ کر کے افغان ٹیم کو بڑا جھٹکا دیا ۔ افغانستان کی 4 وکٹیں 48 سکور پر گر چکی تھیں۔ ویب سائٹ لکھتی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے جس انداز میں خطرناک گیند بازی کر کے مخالفین پر اپنی دھاک بٹھائی یہ ٹیم انڈیا کیلئے بھی وارننگ ہے ۔ ادھر ہندوستان ٹائمز لکھتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے یارکر نے افغان اوپنر کو ہسپتال پہنچا دیا . پاکستان اور افغانستان کے مابین کھیلے جانے والے وارم اپ میچ کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا کیوں گرباز شاہین شاہ آفریدی کی یارکر سے زخمی ہو گئے ۔ کچھ دیر کے بعد ان کے ٹیم کے کھلاڑی انہیں کندھوں پر اٹھا کر میدان سے باہر لے گئے کیونکہ چلنے سے قاصر تھے ۔ ہندوستان ٹائمز لکھتا ہے کہ اگر بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 میچ سے قبل شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے بارے میں کوئی شک تھا تو وہ آج ختم ہو چکا ہے ۔

FOLLOW US