ملتان : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے 264 میں سے 73 پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی 23 ہزار 340 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مہر بانو قریشی 17 ہزار 845 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ یہ نشست مہر بانو قریشی کے بھائی اور شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
2018 ءکے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار زین قریشی 77 ہزار 371 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ ان کے مد مقابل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سید علی موسیٰ گیلانی 70 ہزار 830 ووٹ لے سکے تھے۔