کراچی (نیوزڈیسک) سانحہ صفورہ کا مرکزی مجرم سعد عزیز ایک اور مقدمے میں بری ہوگیا۔۔کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ صفورہ کے مرکزی مجرم سعد عزیز کے خلاف پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس کالعدم القاعدہ کے ملزم کے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوگئی۔ عدالت نے سعد عزیز کو عدم شواہد کی
بناء پر بری کرنے کا حکم دے دیا۔ملزم پر الزام تھا کہ اس نے 3 جون 2015 کو کراچی کے علاقے سمن آباد میں پولیس پر حملہ کیا تھا۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی تو ملزم فرار ہوگیا۔ سعد عزیز کے خلاف سمن آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ سعد عزیز کسی اور مقدمہ میں نامزد نہیں تو اسے رہا کردیا جائے۔واضح رہے کہ فوجی عدالت سانحہ صفورا کیس میں سعد عزیز اور دیگر ملزمان کو سزائے موت سنا چکی ہے۔