سڈنی : آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں بڑا اپ سیٹ ہوا ہے، نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا کی ٹیم 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 108رنز بنا سکی جب کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ تفصیل کے مطابق کوالیفائنگ راؤنڈ کے افتتاحی میچ میں نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹرز جان فرائلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔جان فرائلنک 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست31 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے پرامود مدوشن نے 2 جب کہ مہیش ٹھیکشنا، دشمنتھا چمیرا،چمیکا کرونارتنے اور ونندو ہسارنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔