راولپنڈی(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا میں امن نہیں ہو گا تو پاکستان میں بھی امن نہیں ہو گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں میرانشاہ اور غلام علی کا دورہ کیا۔وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے
والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میرانشاہ میں پاک فوج کے انجنیرز کی جانب سے نئی تعمیر شدہ مارکیٹ اور غلام خان میں ٹریڈ ٹرمینل کا افتتاح بھی کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیا ٹریڈ ٹرمینل سینٹرل ٹریڈ کوریڈور کی حیثیت رکھتا ہے اور ٹریڈ ٹرمینل مواصلاتی انفراسٹرکچر مارکیٹ کمپلکس کو سی پیک سے منسلک کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ فاٹا سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ فوج نے اپنا کام پورا کر دیا ہے اور اب ہمیں اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم ان برائیوں کو دوبارہ اپنے علاقوں میں نہیں آنے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اب یہ مقامی انتظامیہ اور پولیٹیکل ایجنٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اگر فاٹا میں امن نہیں ہو گا تو پاکستان میں امن نہیں ہو گا اور یہ سب معاملات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلیوں کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے
ہوئے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا اس علاقے کی طویل مدتی ترقی و خوشحالی کے لیے اہم ہے۔وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ایک ساتھ بیٹھ کر فیصلہ کیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو بھی وہی سہولیات میسر ہونی چاہئیں جو کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں رہنے والوں کو حاصل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق کام کر رہی ہے اور فاٹا میں ایسے بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں