دنیا کی 5 خطرناک ترین جگہیں جہاں سے زندہ واپس آنا بہت مشکل کچھ لوگوں کیلئے خطروں سے کھیلنا ایک محبوب مشغلہ ہوتا ہے اور لوگ اپنے اس شوق کیلئے اکثر ایسے کام بھی کرجاتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ ایڈونچر کے شوقین افراد کیلئے آج ہم نے دنیا کے ایسے پانچ مقامات کا انتخاب کیا ہے جہاں سے زندہ لوٹ کر آنا بہت مشکل سمجھا جاتا ہے۔
1۔ ڈیتھ ویلی، نیشنل پارک، امریکا
دنیا کی خطرناک ترین جگہوں میں سے ایک ڈیتھ ویلی، امریکہ کا نیشنل پارک ہے۔ یہ علاقہ اپنے انتہائی درجہ حرارت کے لیے جانا جاتا ہے، جو 57 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ خطہ ناقابل یقین حد تک ڈھلوانوں پر بھی مشتمل ہے جس میں اونچی نیچی خطرناک چٹانیں گزشتہ عرصہ میں کئی لوگوں کی جان لے چکی ہیں۔
2۔ اسکیلیگ مائیکل ماونٹین، آئرلینڈ
اسکیلیگ مائیکل ماؤنٹین کاؤنٹی کیری، آئرلینڈ میں واقع ہے۔ یہ یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ ہے اور اس پہاڑ تک کشتی کے ذریعے قابل رسائی ہے اور یہاں 600 سیڑھیاں چڑھ کر آپ کو اوپر جانا ہوگا اور یہ یاد رکھیں کہ اگر آپ نے سیڑھیوں کے بجائے پہاڑ کا راستہ اپنانے کی کوشش بھی کی تو یہ پہاڑ بہت خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں ۔
3۔ سانپوں کا جزیرہ، برازیل
برازیل کے ساحل سے تھوڑا دور ایک چھوٹا جزیرہ ہے جو زمین پر سب سے مہلک مخلوق میں سے ایک کا گھر ہے، جی ہاں یہاں گولڈن لینس ہیڈ وائپر نامی سانپ رہتے ہیں، یہ سانپ اتنا زہریلا ہے کہ صرف ایک بار کاٹنے سے انسان منٹوں میں جان گنوا سکتا ہے اور اس کا زہر انسانی گوشت کو پگھلا بھی سکتا ہے۔ یہ جزیزہ انسانوں کیلئے ممنوع علاقہ ہے کیونکہ یہاں ہیڈوائپر سانپ کے علاوہ اور بھی کئی خطرناک مخلوقات پائی جاتی ہیں۔
4۔ جہنم کے دروازے، ترکمانستان
انسان کے جنت یا جہنم میں جانے کا فیصلہ تو موت کے بعد ہی ممکن ہے لیکن دنیا میں ایک ایسی جگہ بھی ہے جہاں آپ جیتے جی جہنم میں جاسکتے ہیں۔ جہنم کے دروازے ترکمانستان میں واقع جگہ کا نام ہے جو اصل میں ایک قدرتی گیس فیلڈ ہے جو 1971 میں پہلی بار دریافت ہونے کے بعد سے مسلسل جل رہی ہے۔ آگ کی ابتداء واضح نہیں ہے، لیکن مشہور روایت کا دعویٰ ہے کہ آگ اس وقت لگی جب سوویت یونین کی ڈرلنگ رگ میں غلطی سے آگ لگ گئی تھی۔ جہنم کے دروازے صحرائے قراقم میں واقع ہیں اور ان کی چوڑائی تقریباً 260 فٹ ہے۔ آگ کے مرکز میں درجہ حرارت تقریباً 2700 ڈگری فارن ہائٹ بتائی جاتی ہے۔
5۔ اسکیلی ٹن کوسٹ، نمیبیا
نمیبیا میں ساحلی پٹی کا ایک دور دراز اور ناہموار حصہ ہے جس کو اسکیلی ٹن کوسٹ کہا جاتا ہے، یہ ناکارہ جہازوں کے ملبے، ریت کے ٹیلوں اور جنگلی حیات کے لیے مشہور ہے۔ اپنے دور دراز مقام کے باوجود اس جگہ پر شیر اور ہاتھی سمیت مختلف قسم کے خطرناک جنگلی جانور رہتے ہیں۔ یہاں آنے والے سیاح جہاز کا ملبہ یا ساحل دیکھتے کب کس جانور کا شکار بن جائیں کچھ کہنا ممکن نہیں اس لئے آپ کو اس جگہ جانے کا خیال کبھی اپنے دل میں نہیں لانا چاہیے۔