اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ظلم کیخلاف نکلنے کیلئے قوم کو جلد کال دوں گا، قوم پر جو ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے یہ میں کبھی برداشت نہیں کروں گا۔پشاور میں ایڈورڈ کالج کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں کالج کے پرنسپل کا شکریہ ادا کرتا ہوں مجھے یہاں دعوت دی، ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے لیڈر ہماے پیارے نبی ﷺ رہے ہیں جنہوں نے سب سے پہلے چیز جو کی وہ قانون کی بالادستی ہے، ریاست مدینہ قانون وانصاف پر قائم کی گئی ۔ جتنی بہتر تعلیم اتنی ہی بہتر لیڈر شپ ہوتی ہے اور قانون کی بالادستی سے انسان اور جانوروں کے معاشرے میں فرق پیدا ہوتا ہے
جبکہ قانون کی بالا دستی سے سب قانون کے نیچے ہوتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چوروں، ڈاکووں کو این آر او دیا گیا ہے، ان سے ڈیل کی گئی ہے اور آج چور اور ڈاکو وطن واپس آ رہے ہیں ان کے کیسز کو ختم کیا جا رہا ہے اور اربوں روپے لوٹ کر باہر جانے والوں کو این آر او سے واپس لایا جا رہا ہے۔ آج پاکستان بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، قوم نیچے جا رہی ہے۔ ابھی بھی ان کا پیٹ نہیں بھرا ، مریم اپنے داماد کے لیے پیسہ بنا رہی ہے۔ جانور غیر سیاسی ہوتے ہیں اور جو ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا ان میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا ہے۔