Wednesday November 27, 2024

کچھ ہفتوں بعد عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں تقریب حلف برداری ڈی چوک پر ہو، سینیٹر فیصل جاوید خان

اسلام آباد: فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ کچھ ہفتوں بعد عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھانے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے پارٹی چئیرمین کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ عمران خان کچھ ہفتوں کے بعد دوبارہ وزیراعظم کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں، ہم سوچ رہے ہیں حلف برداری کی تقریب کیسے ہوگی، خواہش ہے کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری ڈی چوک پر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے، ان کے بیرون ملک اثاثے نہیں ہیں، پاکستان کو درپیش تمام تر مسائل کا حل ہی الیکشن میں ہے، الیکشن ہونے ہیں اور فوری ہونے ہیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین عدالت کیس کے حوالے سے فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عدلیہ کی آزادی اور احترام کرنے کا عملی مظاہرہ کیا، انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک کی سربراہی کی تھی جس میں انہیں جیل بھی جانا پڑا تھا، عمران خان کا پہلے دن جو موقف تھا آج بھی وہی تھا۔ جبکہ اپنے ایک اور بیان میں پی ٹی آئی سینیٹر نے چیف جسٹس کے ریمارکس کے حوالے سے کہا کہ میرا خیال ہے کہ قومی اسمبلی میں جانے والا مشورہ مناسب ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دے دیا،عدالت نے استعفوں کی منظوری کیخلاف اپیل پر عمران خان سے ہدایات لینے کی مہلت دے دی۔ جمعرات کے روز ہوئی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ عوام نے 5 سال کیلئے منتخب کیا ہے،پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے،پارلیمان میں اپنا کردار ادا کرنے ہی اصل فریضہ ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جلد بازی نہ کریں،ہم پارلیمنٹ کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔

FOLLOW US