Wednesday November 27, 2024

بابر، رضوان کی ڈبل سنچری پارٹنر شپ، پاکستان کی دوسرے ٹی ٹونٹی میں تاریخی فتح

کراچی : انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ڈبل سنچری پارٹنر شپ بنا کر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔ سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں مہمان انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز اور فل سالٹ ابتدائی 5 اوورز میں 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شاہنواز دھانی نے پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانیوالے ہیلز کو بولڈ کردیا۔ الیکس ہیلز نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ دھانی نے ڈیوڈ ملان کو کھاتہ کھولنے کی اجازت بھی نہ دی اور چھٹے اوور کی دوسری گیند پر انکی وکٹیں بھی اڑا دیں۔ حارث رؤف نے فل سالٹ کی وکٹیں بکھیرتے ہوئے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 27 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے تھے۔

محمد نواز جارحانہ انداز میں 22 گیندوں پر 43 رنز بنانیوالے بین ڈکٹ کی وکٹیں اڑا دیں۔ معین علی اور ہیری بروکس نے تیزرفتاری کے ساتھ 27 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ حارث رؤف نے 19 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنانے والے بروکس کو بولڈ کردیا ۔ 18 ویں اوور کی چوتھی گیند پر خوشل شاہ نے معین علی کا ایک آسان کیچ گرایا۔ معین علی نے 23 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے اور ایک بڑا سکور تشکیل دیا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 199 رنز بنالیے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے بالترتیب 30 اور 37 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ محمد نواز کو ملی۔ سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد حسنین نے 4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیے۔ مشکل ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور بابراعظم نے جارحانہ آغاز کیا ۔ بابراعظم نے ٹی20 کرکٹ میں اپنے 8 ہزار رنز مکمل کرلیے، جو ویسٹ انڈیز کے مشہور بلے باز کرس گیل کے بعد تیز ترین رنز ہیں۔ محمد رضوان نے 30 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ کپتان بابراعظم نے اپنی فارم بحال کرتے ہوئے 39 گیندوں پر نصف سنچری بنائی اور پاکستان کو بہترین پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔ بابراعظم نے نصف سنچری مکمل ہوتے ہی مزید جارحانہ بیٹنگ کی اور ٹی20 کیریئر کی دوسری سنچری بنادی، جس کے لیے انہوں نے 62 گیندوں کا سامنا کرکے 9 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔
بابراعظم نے بحیثیت کپتان پاکستان کی جانب سے تمام طرز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 10 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی بناڈالا۔ پاکستان نے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 110 اور 88 رنز کی شان دار اننگز کی بدولت آخری اوور کی تیسری گیند پر 203 رنز بنا کر مشکل ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کے باؤلرز پاکستان کے اوپنرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئے جبکہ پاکستان نے اس جیت کے ساتھ ہی سیریز1-1 سے برابر کردی۔

ٹاس جیتنے والے انگلش ٹیم کے کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ وکٹ پہلے میچ کی طرح نہیں لگ رہی جبکہ دراڑیں بھی دکھائی دے رہی ہیں، میچ میں 3 سپنرز کھلا رہے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ آج کی پچ مختلف ہے اس لیے انگلینڈ کو 150 سے 160 رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں مڈل آرڈر کو کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے نسیم کی جگہ محمد حسنین جبکہ انگلینڈ نے رچرڈ گلیسن کی جگہ لیام ڈاوسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، شاہنواز دھانی، محمد حسنین شامل ہیں جب کہ انگلینڈ الیون الیکس ہیلز، وکٹ کیپر فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، سیم کرن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، لیوک ووڈ، لیام ڈاوسن پر مشتمل ہے۔

FOLLOW US