Wednesday November 27, 2024

‘شاہین آفریدی اپنے خرچے پر انگلینڈ جا کر علاج کروا رہا ہے ، شاہد آفریدی کا تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اپنے خرچے پر انگلینڈ گیا اور علاج کروا رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہین خود اپنا ٹکٹ کرا کر انگلینڈ گیا، اپنے پیسوں پر رکا، میں نے وہاں ڈاکٹر سے بات کی اور وہ اس کا علاج کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے میں کچھ نہیں کر رہا، سب کچھ میں نے یہاں سے کیا، اور ڈاکٹر سے بات کی، شائد ایک دفعہ ذاکر خان نے اس معاملے پر بات کی ہے۔

شاہد آفریدی نے ٹیم سلیکشن سے متعلق سوال پر کہا کہ شعیب ملک کو اس ٹیم میں جگہ دینی چاہئے تھی، وہ دنیا میں ہر جگہ کرکٹ کھیل چکے ہیں، بڑے ایونٹ میں ان کا تجربہ کام آتا۔انہوں نے کہا کہ بابراعظم یا رضوان میں سے کوئی ون ڈاون کھیلے، شان مسعود کو بطور اوپنر بھی کھیلایا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل پی سی بی نے کہا تھا کہ شاہین آفریدی آج لندن کے لیے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ انجری سے بحالی مکمل کریں گے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بورڈ کے میڈیکل افسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ شاہین کو ماہر ڈاکٹر کی نگرانی کی ضرورت ہے اور لندن میں کھلاڑیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات دستیاب ہیں، لہٰذا کھلاڑی کے بہترین مفاد میں ہم نے انہیں وہاں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے میڈیکل افسرکا کہنا تھا کہ لندن میں علاج کے دوران میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر شاہین کی بحالی سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔پی سی بی کا کہنا تھا کہ لندن میں رہتے ہوئے شاہین آفریدی پی سی بی کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی نگرانی میں رہیں گے، جس میں لندن میں مقیم ڈاکٹرامتیاز احمد اور ڈاکٹرظفراقبال بھی شامل ہیں۔

FOLLOW US