بہاولنگر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں ڈالنے کی کوشش کررہے،جیل توچھوٹی چیز جان دینے کو تیار ہوں، لوٹوں نے ضمیر فروخت کرکے منتخب حکومت گرائی، قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا،فیصلہ کن مرحلہ ہے، جب تک زندگی ہے میں ان کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے چشتیاں میں وکلائ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء پر مجھے بہت امید ہے، وکلاء میری حقیقی آزادی کی جنگ اور جدوجہد میں جیت اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک وکلاء کمیونٹی ساتھ نہیں ہوگی، لاالہ الااللہ آزادی کا ایک دعویٰ ہے، جب انسان دعویٰ کرتا ہے کہ اللہ تیرے سوا کوئی خدا نہیں تو یہ ہم آزادی کا دعویٰ کرتے ہیں،
اللہ اس وقت تک کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک انسان خود اپنی حالت نہیں بدلتا، پھر کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، آپ جتنی مرضی نمازیں پڑھیں، حج پر جائیں، مکہ مکرمہ میں سب سے زیادہ پاکستانی ملیں گے، لیکن حالت بدلتی نہیں کیونکہ حکومت میں ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں، پھر کیسے حالت بدلے گی، جب تک ہم خود اپنی حالت نہیں بدلیں تو حالت نہیں بدلے گی،پیسے لے کر لوٹے ہوجاتے ہیں، خوف ہوتا ہے نوکری نہ چلی جائے، یہ خوف کا بت ہوتا ہے، میری نظر میں یہ شرک ہے، ہم کلمہ بھی پڑھتے ہیں، عاشق رسول ؐ بھی کہتے ہیں لیکن اللہ نے جو حکم دیا ہے کہ میرے نبی ؐ کے راستے پر چلو، وہ ہم کرتے نہیں، ریاست مدینہ میں بھی یہی ہوا جب وہاں کے لوگ نبی پاک ? کی سنت پر چلے تو انقلاب آیا، دو سپر پاور بیٹھ گئیں۔