شادی کا لڈو کھانا ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے اور کچھ نوجوان تو ایسے خوش قسمت ہوتے ہیں کہ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی ان کو جیون ساتھی مل جاتا ہے- لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں ادھیڑ عمری میں بھی کسی کا ساتھ میسر نہیں آتا۔ آج ہم بات کررہے ہیں دنیا کے ان 10 ممالک کی جہاں نوجوانوں کو شادی کیلئے لڑکیاں ملنا بہت مشکل ہوچکا ہے۔
10۔ سویڈن
سویڈن میں گھروں کی کمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ ملک سے ہجرت کرچکے ہیں اور اس وقت تقریباً 12 ہزار سے زائد نوجوانوں کو شادی کیلئے لڑکیاں نہیں مل رہیں اور کچھ عرصہ میں یہ تعداد35 ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔
9۔ افغانستان
ایک زمانے میں افغانستان ترقی پسند ملک کہلاتا تھا جہاں خواتین کو مکمل آزادی تھی لیکن گزشتہ کئی دہائیوں سے جنگ و جدل کی وجہ سے یہاں کا ماحول مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے اور مسلسل کئی برسوں سے جاری جنگ و تباہی کی وجہ سے لاکھوں خاندان ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں جس کی وجہ سے افغانستان کے مردوں کو شادی کیلئے لڑکیاں ملنا مشکل ہوچکا ہے۔
8۔ نائیجیریا
بچپن کی شادی، تعدد ازدواج اور خواتین کے جنسی اعضا کو مسخ کرنے کی وجہ سے بہت سی خواتین افریقی ملک سے نقل مکانی کرچکی ہیں اور یہاں کے مرد بیویوں کی تلاش میں سرگرداں ہیں- لیکن کامیابی کا امکان بہت کم ہے۔
7۔ یونان
ایک زمانے میں یونان یورپ میں ہجرت کرنے والوں کیلئے پہلی منزل کے طور پر جانا جاتا تھا لیکن نسبتاً کم قیمتوں اور سال بھر کے خوبصورت موسم نے یونان کو بہت سے لوگوں کی آخری منزل بنا دیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ مردوں کے بہت زیادہ تعداد میں رکنے سے آبادی کا تناسب بگڑ گیا اور آج یونانی مردوں کو بھی بیویوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔
6۔ مصر
عرب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک مصر اس وقت پدرانہ نظام کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے۔ مصری خواتین سماجی پابندیوں کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم کے بعد ملک سے باہر چلی جاتی ہیں جس کی وجہ سے مردوں کو شادی کیلئے لڑکیاں ملنا بہت مشکل ہوچکا ہے۔
5۔ چین
دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں خواتین کے مقابلے مردوں کی تعداد 40 ملین زیادہ ہے کیونکہ یہاں لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکوں کو زیادہ ترجیح دی جاتی اور یہی وجہ ہے کہ یہاں لاکھوں مرد شادی کیلئے لڑکیاں تلاش کررہے ہیں اور تعداد میں کمی کی وجہ سے لڑکیاں ملنا مشکل امر ہے۔
4۔ امریکا
دنیا کا طاقتور ترین ملک امریکا بھی اس وقت آبادی کے بگڑتے تناسب کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے، یہاں کی کچھ ریاستوں میں خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے تو کئی ریاستوں میں بہت ہی کم ہے۔ یہاں شادی کی عمر کو پہنچنے والے 100 کے قریب مردوں کیلئے تقریباً 18 لڑکیاں ہیں۔خاص طور پر لاس اینجلس اور ویگاس میں مردوں کو ساتھی کی تلاش میں بہت زیادہ مشکلات درپیش ہیں۔
3۔ ہندوستان
آبادی میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے چین کا مقابلہ کرنے والے بھارت میں بھی خواتین کی تعداد کم ہورہی ہے ۔ بھارت میں بھی لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکے پیدا کرنے کا رجحان زیادہ ہے اور یہاں لڑکیوں کی آبادی کو کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات دیکھنے میں آتے ہیں- جس کی وجہ سے آج یہاں شادی کے قابل مردوں کیلئے لڑکیاں بہت کم ہیں۔
2۔ متحدہ عرب امارات
20ویں صدی کے اختتام پر متحدہ عرب امارات میں محض 40000 رہائشی تھے جن میں سے 22000 خواتین تھیں لیکن تیل کی دریافت نے اس صحرا کو ایک امیر سیاحتی مقام میں تبدیل کر دیا جو آج ایک جدید ملک بن چکا ہے۔ ملک کی آبادی کا 85فیصد غیر ملکیوں پر مشتمل ہے اور ان میں زیادہ تر مرد ہیں جبکہ ساتھی کی تلاش میں اکثر مقامی مرد امارات چھوڑ چکے ہیں۔
1۔ قطر
قطر ان ممالک میں اس وقت پہلے نمبر پر ہے جہاں کے نوجوانوں کو من چاہا تو دور ساتھی ملنا بھی بہت مشکل ہے۔ قدرتی وسائل سے مالا مال قطر میں مردوں اور خواتین کی آبادی کا تناسب غیر متوازن ہونے کی وجہ سے یہاں نوجوانوں کو شادی کیلئے لڑکیاں ملنا مشکل ہوچکا ہے جبکہ یہاں غیر ملکی مردوں کے مقابلے خواتین کو ویزا ملنا بھی مشکل امر ہے جس کی وجہ سے بیرون ممالک سے آنیوالی خواتین سے شادی کرنا بھی تقریباً ناممکنات میں شامل ہے۔