جنوبی کوریا کی ایک کمپنی نے ایسا ماسک تیار کیا ہے جو صرف ناک ہی کو ڈھانپتا ہے اور اسے کوسک کا نام دیا گیا ہے۔ کورونا جب سے ہماری دنیا میں وارد ہوا ہے تب سے دیگر پابندیوں کے ساتھ دنیا بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ہماری زندگی میں لازم وملزوم بن جانے والا ماسک ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کا پہلا احتیاطی ہتھیار ہے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں ماسک لگانا الجھن میں ڈال دیتا ہے۔
بار بار ماسک اتارنا انہیں مشکل میں ڈالتا ہے بالخصوص کھانے پینے کے دوران لیکن اب ایسے افراد کی مشکل آسان ہوگئی ہے اور جنوبی کوریا کی ایک کمپنی نے ایسا ماسک تیار کیا ہے جو صرف ناک کو ہی ڈھانپتا ہے۔ کورین زبان میں ناک کو ’’کو‘‘ کہتے ہیں اسی لیے اس کو کو ماسک یعنی ناک ڈھانپنے والے ماسک کی مناسب سے ’’کوسک‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ماسک روایتی ماسک سے تو قدرے چھوٹا لیکن قیمت میں اس سے کافی مہنگا بھی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ’’کوسک‘‘ کی کم از کم قیمت 8 ڈالر یعنی تقریباْ 1400روپے پاکستانی ہے۔ طبی ماہرین نے اسے ایک احمقانہ عمل قرار دیا ہے تاہم یہ نہ صرف کوریا میں مقبول ہوا ہے بلکہ میکسیکو تک بھی جاپہنچا ہے۔
کوسک پہننے والوں کا خیال ہے کہ کورونا وائرس ناک کے ذریعے قدرےزیادہ حملہ آور ہوتے ہیں۔ پھر کچھ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ماسک نہ پہننے کے مقابلے میں بہتر ہے کہ ناک کا پردہ ہی کرلیا جائے۔ کوسک کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس پر صارفین کے تبصرے جاری ہیں کچھ لوگوں نے اسے جدت قرار دیا تو کئی لوگوں نے اس کا مذاق بھی اڑایا ہے۔ لیکن تنقید کے باوجود جنوبی کوریا میں اس ماسک کی مقبولیت بڑھتی چلی جارہی ہے اور وہاں کے عوام کی بڑی تعداد یہ ماسک خرید رہی ہے۔
پنجاب، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلباء کو اسکالرشپ دینے کا اعلان