اسلام آباد: سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا تھا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ایک خطرناک ٹیم ہے اور کسی بھی وقت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے، شاید ٹھیک ہی کہا تھا کیونکہ وقت نے ثابت کردیا کہ قومی ٹیم نے وہ کر دکھایا جو لوگ کہا کرتے تھے۔پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ کے ایونٹ میں ناقابل شکست 5 میچ کی مسلسل فتح اور بنگلادیش سے 3 میچز کی سیریز میں تواتر کے ساتھ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیلی اور کامیاب لوٹی۔اور اب ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلی جانے والی ٹی 20سیریز میں شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سال2021قومی ٹیم کیلئے فتوحات اور قوم کی خوشیوں میں اضافے کا باعث بنا ہے۔کراچی میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں محمد آصف کی اونچی شاٹ چھکے کے لیے باؤنڈری کے باہر تو نہ جا سکی لیکن ویسٹ انڈین فیلڈر بھی اسے تھام نہ سکے، نتیجتاً پاکستان تیسرا ٹی20 ہی نہیں تین صفر سے سیریز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔رواں ماہ 16دسمبر کو ہونے والے میچ کا یہ لمحہ صرف اس مقابلے اور سیریز کا اختتام ہی نہ تھا بلکہ اس کے ساتھ پاکستان نے کیلنڈر ایئر میں ٹی20 کا اپنا کامیاب سفر بھی مکمل کرلیا۔
جنید صفدر کی شادی کے اخراجات کھوکر برادان نے برداشت کیے سینئر صحافی
سال2021 کے دوران جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے قابل ذکر اعزازات اپنے نام کیے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین سے داد سمیٹی وہیں یہ برس گرین شرٹس کے ٹی20 اسکواڈ کے لیے بھی یادگار رہا۔پاکستان نے2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کو10 وکٹوں سے بدترین شکست دی تو یہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں وکٹوں کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی بنی۔دنیا میں ٹی20 کرکٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کی جانب سے ایک برس میں سب سے زیادہ کامیابیوں کا اعزاز پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم نے2021 کے دوران20 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستانی بلے باز محمد رضوان اور بابراعظم ٹی20 کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل رہے، محمد رضوان نے 1326 جب کہ بابراعظم نے 939 رنز بنائے۔ محمد رضوان 1326 رنز کے ساتھ واحد کھلاڑی رہے جنہوں نے ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔بابر اعظم نے2021 کے دوران جہاں122 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز اپنے نام کیا وہیں 16 کیچ بھی تھامے جو کسی فیلڈر کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچ رہے۔محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے 22 کیچ تھامے جو کسی بھی وکٹ کیپر کی جانب سے کیچز کی سب سے بڑی تعداد رہی۔
وہ کیلنڈر ایئر میں 22 نصف سنچریوں کے ساتھ باقی تمام بلے بازوں سے آگے رہے۔محمد رضوان اور بابراعظم نے اپریل میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی وکٹ کی شراکت میں 197 رنز بنائے تو یہ اب تک اوپننگ جوڑی کی جانب سے سب سے بڑی شراکت بنی۔پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ کے کھلاڑیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 147 چھکے لگائے گئے جو دنیا میں کسی بھی ٹی20 سائیڈ کی جانب سے دوسرا بڑا نمبر رہا، جب کہ 347 چوکوں کے ساتھ پاکستانی ٹیم سب سے آگے رہی۔ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر پاکستانی بلے بازوں نے 4020 رنز بنائے تو یہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور رہا۔