حیدرآباد(نیوزڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے والد اور کوچ عمران مرزا نے کہا ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں رواں سال اکتوبر میں بچے کی ولادت متوقع ہے۔۔بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ثانیہ کے والد نے تصدیق کی ہے کہ ان کی بیٹی اور 6 مرتبہ گرانڈ سلم جیتنے والی ثانیہ مرزا امید سے ہیں۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے
کی ویب سائٹ پر اشاروں اشاروں میں مداحوں کو مرزا ملک کی آمد کی خوشخبری سنائی تھی۔ دلچسپ انداز میں سامنے آنے والی اس خوشخبری پر کھیل کے شعبے سے وابستہ جوڑے کو ہر شعبہ زندگی سے وابستہ مشہور شخصیات نے مبارکباد دیں۔ بھارتی میڈیا نے خبر کی تصدیق براہ راست ثانیہ مرزا کے والد سے کی ہے ،31سالہ ٹینس اسٹار کے والد نے پرمسرت اطلاع کے بارے میں ہاں کہا ہے۔ایک بیان میں شعیب ملک نے اس حوالے سے کہا کہ زندگی کے نئے سفر کے حوالے سے وہ بے تاب اور خوش ہیں۔ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ ہم جلد ہی والدین بننے والے ہیں اور کافی عرصے سے اس بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب ہم سمجھتے ہیں کہ خاندان میں اضافے کا یہ صحیح وقت ہے۔اس سے قبل ایک انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو پہلی اولاد کے طور پر بیٹی پسند ہے جبکہ میرے بچے کا سر نیم مرزا ملک ہوگا۔