راولپنڈی : راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے طغیانی آ گئی جس کے بعد سطح 19 فٹ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی ریلا اسلام آباد سے شہر میں داخل ہوا۔ جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا دئے گئے اور نشیبی علاقوں سے شہریوں کو نکالنے کا کام بھی جاری ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کٹیاریاں کے مقام پر پانی 21 فٹ سے تجاوز کرگیا جس کے باعث جاوید کالونی اورآریہ محلہ میں پانی داخل ہوگیا۔ خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے جب کہ نیوکٹاریاں، ڈھوک رتہ میں کراسنگ پل بھی بند کردئیے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور دیگر اداروں کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شدید بارش سے نالہ لئی چڑھ گیا ہے اورای الیون میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔
اسلام آباد میں بادل پھٹنے سے مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا ، گاڑیاں بہنے کی فوٹیج وائرل
فوجی دستے بحالی و امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف ہیں جب کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی پلان بنا لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں مون سون سے تباہی مچا دی۔ اسلام آباد میں سیلابی صورتحال، گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، نشیبی علاقے ڈوب گئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بادل پھٹنے سے مختلف علاقوں میں سیلاب، تباہی مچ گئی ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات سے اب تک 122 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔ وفاقی دارلحکومت میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے روک دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہے، شہری کچھ گھنٹوں کے لئے غیر ضروری نقل و حرکت نہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ مختلف علاقوں میں گھروں، پلازوں کی بیسمنٹس میں پانی بھر چکا ہے، لوگ اپنے طور پر پانی نکالنے کی کوشش سے اجتناب کریں، صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کچھ علاقوں میں صورتحال کافی بہتر کرلی ہے۔