لاہور(نیوزڈیسک) عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ میشا شفیع کی جانب سے عائد کیے گئے جنسی ہراسگی کے الزامات میں صداقت نظر آتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر پر عائد کیے گئے جنسی ہراسگی کے الزامات پر عامر لیاقت حسین کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ ابھی اس
معاملے پر واضح طور پر کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی، تاہم میشا شفیع کی جانب سے عائد کیے گئے جنسی ہراسگی کے الزامات میں صداقت نظر آتی ہے۔ علی ظفر کا ماضی کچھ زیادہ شاندار نہیں رہا ہے۔ میشا شفیع ایک اچھے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں وہ کبھی بھی محض شہرت کیلئے ایسے الزامات عائد نہیں کریں گی۔ میشا شفیع کے الزامات کی تحقیقات کرکے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے جہاں شوبز کی دیگر کئی شخصیات نے عمران خان سے ملاقات کرکے تحفظات کا اظہار کیا تھا، وہیں علی ظفر نے بھی اس حوالے سے اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کی شمولیت کی مخالفت کی تھی۔