اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر الیکشن میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کیخلاف حکمت عملی تیار کرلی، وزیراعظم کا آزاد کشمیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کا شیڈول بنا لیا گیا، وزیراعظم عمران خان12 جولائی کو میرپور، 18جولائی کو باغ اور 23 جولائی کومظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر میں انتخابی مہم اور وزیر اعظم کے جلسوں کے شیڈول سے متعلق بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیرکے پی ٹی آئی امیدواروں کی انتخابی مہم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان 12 جولائی کو میرپور میں جلسے سے خطاب کریں گے، 18جولائی کو باغ اور 23 جولائی کومظفرآباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز بھی آزاد کشمیر الیکشن کی انتخابی مہم میں شریک ہوں گی۔ مریم نواز کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی کشمیر کی انتخابی مہم میں اترنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز 8 جولائی سے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم شروع کر رہی ہیں، پارٹی کے صدر شہباز شریف بھی کشمیر میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے، مریم نواز کے ساتھ بھی وہ آزاد کشمیر الیکشن میں (ن) لیگ کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ (ن) لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کشمیر کے مختلف حلقہ جات میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے، اس حوالے سے مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کے دورہ کشمیر کے حوالے سے شیڈول کی تیاری شروع کر دی ہے، آئندہ دو سے تین روز میں شہباز شریف کے دورہ کشمیر کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔