پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان طویل عرصے تک منظرعام سے غائب رہنے کے بعد بالآخر لوگوں کے سامنے آئے اور شمالی کوریا کے عوام یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ کم جونگ ان کا وزن بہت زیادہ کم ہو چکا تھا۔ گزشتہ دنوں شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی نے عوام کے انٹرویوز نشر کیے ہیں، جن میں لوگ اپنے حکمران کا وزن کم ہونے کے متعلق متفکر پائے گئے اور کئی لوگ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کم جونگ ان کی اس حالت پر آبدیدہ بھی ہو گئے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق لوگوں نے کم جونگ ان کے بہت زیادہ کمزور ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اتنے عرصے بعد پہلی بار کم جونگ ان کو دیکھا تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ ایک خاتون نے کہا کہ کم جونگ ان اتنے کمزور ہو چکے ہیں کہ ان کی گھڑی بھی کلائی میں ڈھیلی ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں کم جونگ ان کی ہارٹ سرجری کی خبریں آتی رہیں اور اس دوران ان کی موت ہو جانے کی افواہیں بھی گردش میں رہیں، تاہم وہ بالآخر صحت مند ہو کر دوبارہ عوام کے سامنے آ چکے ہیں تاہم پہلے کی نسبت اب ان کے وزن میں نمایاں کمی ہو چکی ہے۔