لاہور : اداکارہ نوشین شاہ نے خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم کے موقف کی حمایت کر دی، کہا مجھ سمیت بہت سارے لوگوں کو قرآن پڑھنے کی ضرورت ہے، کم از کم ہمیں اللّٰہ کا حکم ماننا چاہئے،پردہ کرنا ہمارے اسلام میں ہے اور اس میں ہی ہماری بہتری ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خواتین کے لباس سے متعلق دیے گئے بیان پر ردعمل دیا گیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری ایک پیغام میں نوشین شاہ نے وزیراعظم کے بیان کی مکمل حمایت کی۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پردہ کرنا ہمارے اسلام میں ہے اور اس میں ہی ہماری بہتری ہے۔ آب پردہ کرو یا نہ کرو وہ آپ کی مرضی ہے ، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ مردوں کو معافی ہے، نہیں حساب دونوں کو ہی دینا ہوگا۔ نوشین شاہ نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے مجھ سمیت بہت سارے لوگوں کو قرآن پڑھنے کی ضرورت ہے، کم از کم ہمیں اللّٰہ کا حکم ماننا چاہئے، میں یہاں کسی کو عظیم یا بدتر ثابت نہیں کررہی کیونکہ یہ کام اللّٰہ کا ہے۔ اداکارہ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہمیں آپ پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کچھ روز قبل ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ عورت مختصر کپڑے پہنے گی تو مردوں پر اثر پڑے گا، مرد روبوٹ نہیں ہیں۔ عورت کے پردے کا تصور فتنہ سے بچنا ہے، ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں ڈسکو اور کلبز نہیں ہیں، نوجوانوں کے پاس اپنے جذبات کے اظہار کی کوئی جگہ نہیں ہو گی تو اس کے معاشرے کے لیے مضمرات ہوں گے۔ وزیراعظم کو اپنے اس بیان کے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کئی مشہور شخصیات نے تنقید کی پرواہ کیے بنا وزیراعظم کے موقف کی حمایت بھی کی۔