کوئٹہ : سبی کے علاقے سنگان میں دہشتگردوں نے ایف سی دستے پر حملہ کیا جس میں پانچ جوان شہید ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سبی میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ، حملے میں ایف سی کے پانچ جوان شہید ہو گئے ، شہدا میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ ، لانس نائیک بشیر احمد ،لانس نائیک ناصر عباس ، سپاہی نور اللہ شامل ہیں ۔فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگردوں کا بھاری جانی ، مالی نقصان ہوا ۔
شہید ظفر علی خان، شہید ہدایت اللہ اور شہید نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے ، شہید ناصر عباس کا تعلق بھکر اور شہید بشیر احمد کا تعلق نصیر آباد سے ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں ، سکیورٹی فورسز دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پر عزم ہیں ،بلوچستان کا امن ایسے عناصر کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا۔دہشتگردوں کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔