Wednesday November 27, 2024

افغان طالبان کا مرکزی سرحدی گزرگاہ پر قبضہ، افغان سیکیورٹی فورسز کے اہلکار چوکیا ں چھوڑ کر ہمسائیہ ملک فرار ہو گئے

کابل: افغانستان کی تاجکستان کے ساتھ مرکزی سرحدی گزرگاہ پرطالبان نے قبضہ کرلیا ہے جب کہ اس کی حفاظت پہ مامور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار سرحد پار کر کے فرار ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈ یا رپورٹس کے مطابق قندوز شہر سے 50 کلو میٹر کے فاصلے پر افغانستان کے شمال میں شیر خان بندر پر قبضہ امریکی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد سے طالبان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ فوج کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ہمیں تمام چوکیاں چھوڑنے پر مجبور کیا گیا اور ہمارے کچھ فوجی سرحد عبور کر کے تاجکستان چلے گئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ صبح تک سینکڑوں کی تعداد میں طالبان جنگجو ہر جگہ موجود تھے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی ہے کہ طالبان نے دریائے پاینج کے پار گزرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مجاہدین شیر خان بندر اور قندوز میں تاجکستان سے ملحقہ سرحدی گزر گاہوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔

FOLLOW US