Thursday November 28, 2024

نذیر چوہان کا اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے پر ردِعمل آ گیا دوپہر دو بجے داتا دربار کے باہر گرفتاری دوں گا۔ترین گروپ کے رہنما کا اعلان

لاہور : وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔اسی پر اب رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کا بھی ردِعمل سامنے آیا ہے۔نذیر چوہان نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی پاسداری کا پابند ہوں۔ آج پتہ چلا ہے شہزاد اکبر نے میرے خلاف ایک منظم پروگرام چلایا۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے تو گرفتاری دوں گا۔نذیر چوہان نے کہا کہ دوپہر دو بجے داتا دربار کے باہر گرفتاری دوں گا۔خیال رہے کہ شہزاد اکبرکی طرف سے رواں ماہ 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ،

جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک ٹی وی پروگرام میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ، ان الزامات سے میری زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے ، نذیرچوہان کی گفتگوکا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے، اس لیے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ میں پہلے ہی کہتا تھا کہ شہزاد اکبر پارٹی معاملات خراب کررہے ہیں ، اپنے خلاف ایف آئی آر پرگرفتاری پیش کروں گا اور ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کراوں گا۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ نے ایک بار پھر اپنے تحفظات وزیر اعظم عمران خان تک پہنچانے کا اعلان کردیا۔

FOLLOW US