واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن اور روسی صدر اگلے ماہ کی 16تاریخ کو جنیوا میں ہونے والی سربراہ اجلاس میں ملاقات کریں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کردی جس کے بعد امریکی اور روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن اور صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان پہلی ملاقات جنیوا میں 16 جون کو ہوگی۔جو بائیڈن صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بین الاقوامی دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ جی سیون اجلاس، نیٹو اور یورپی یونین میں اپنے اہم مغربی حلیفوں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے بعد وہ جنیوا جائیں گے جہاں روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔
دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ امریکا روس پر انتخابات میں مداخلت کا بارہا الزام عائد کر چکا ہے جب کہ نئے امریکی صدر نے بھی روس کے مبینہ سائبر حملوں پر احتجاج کیا تھا۔وائٹ ہاوس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک علاقائی تنازعات کے حل، تعلقات میں استحکام اور کورونا وبا پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی اور روسی سربراہان کے درمیان کئی برسوں سے روبرو ملاقات نہ ہونے سے تناو میں اضافہ ہوا اس لیے اب ملاقات ضروری ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدارتی الیکشن میں جوبائیڈن کے فتح کے باوجود روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک انٹرویو میں جوبائیڈن کو مبارک باد دینے گریز کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک اپوزیشن سمیت تمام حلقے انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرلیتے وہ نئے صدر کو مبارکباد نہیں دیں گے۔