Wednesday November 27, 2024

مرغی اور گوشت ایکسپورٹ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی مرغی اور گوشت کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں کوئی خرید ہی نہیں سکتا

پشاور : مرغی اور گوشت ایکسپورٹ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی، جب تک گوشت اور چکن کی قیمتیں کم نہیں ہوتی ایکسپورٹ کی اجازت نہیں ہوگی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اس حوالے سے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاورہائی کورٹ میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جہاں سیکرٹری فوڈ، اسپیشل سیکرٹریایگریکلچر، فوڈ کمیشن کے وفاقی کمشنر، ڈی سیز، اے جی اور اے اے جی عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ مل بیٹھ کر اس کا کوئی حل نکالیں اور جو پولٹری فارمنگ ہے اس کی بہتری کے لئے اقدامات کریں، مرغی اور گوشت کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں کوئی خرید ہی نہیں سکتا،

صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے ، وفاقی اور صوبائی حکومت کیا کر رہی ہے، قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، چینی مافیا، آٹا مافیا کے بعد لگتا ہے اب گوشت اور مرغی مافیا سرگرم ہوگیا ہے، مرغی اور گوشت کی قیمتیں اتنی بڑھی ہیں کہ کوئی بھی خریدنے کی سکت نہیں رکھتا، کورونا کے ساتھ تو کئی سال تک رہنا ہوگا، کیا عوام بھوک سے مریں گے، یہ بتائیں قیمتیں کب کم ہوں گی، ہم ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کررہے ہیں کہ ایکسپورٹ پر پابندی لگائے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت نے ضم اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بارڈر جانے والے راستوں پر چکن اور گوشت کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جب تک گوشت اور چکن کی قیمتیں کم نہیں ہوتی ایکسپورٹ کی اجازت نہیں ہوگی، عدالت نے متعلقہ حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 جون تک ملتوی کردی۔

FOLLOW US