Wednesday November 27, 2024

نائیجیریا میں طیارہ گر کر تباہ آرمی چیف سمیت دس اہلکار ہلاک

کاڈونا : نائیجیریا کے آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل ابراہیم اتاہیرو شمالی ریاست کاڈونا کے سرکاری دورے کے دوران جہاز گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں ہلاک ہوگئے۔ کاڈونا کو گزشتہ چند ماہ سے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ طیارہ کاڈونا ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے محرکات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ یہ واقعہ ابوجا ایئرپورٹ کے بالکل باہر نائیجیرین ایئر فورس کا چھوٹا مسافر طیارہ انجن بند ہونے کے باعث گر کر تباہ ہونے کے واقعے کے تین ماہ بعد پیش آیا، اس وقعے میں جہاز میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔نائیجیریا کے صدر محمد بُحاری نے شدت پسندوں اور دیگر مسلح گروپوں کی طرف سے پرتشدد واقعات پر سالوں سے تنقید کے بعد جنوری میں ابراہیم اتاہیرو کا دیگر ملٹری سربراہان کے ساتھ تقرر کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ میں نائیجیریا کی فوج کے حوالے سے کہا گیا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ خراب موسم میں اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔واقعے میں جہاز کے عملے سمیت دیگر 10 افسران بھی ہلاک ہوئے۔صدر محمد بُحاری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔اس سے قبل بھی نائجیریا میں اس قسم کے حادثات پیش آ چکے ہیں اور خاص طور پر اب جب باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن اور جنگ جاری ہے ایسے میں فوجی کمانڈر کے ہلاک ہونے سے باغیوں کے مضبوط ہونے کا خدشہ ہے اور ساتھ ہی ایسی افواہیں بھی آ رہی ہیں کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ اسے حادثے بنانے کے لیے کوئی سازش رچائی گئی ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کوئی بھی دعویٰ کرنا قبل از وقت ہے۔
تاہم رپورٹ آنے کے بعد یہ تو واضح ہو جائے گا کہ طیارے کے انجن بند ہونے کی کیا وجہ تھی اور اس کا کون ذمہ د ار ہے۔

FOLLOW US