Wednesday November 27, 2024

شہبازشریف کا بیرون ملک جانے سے روکے جانے کیخلاف درخواست واپس لینے کا فیصلہ

لاہور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام حکومت کی طرف سے ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا جس کے خلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے عدالت سے رجوع کیا، جس کے بعد اب لیگی صدر نے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کی کی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر لیا، فیصلے پر عملدرآمد کی درخواست واپس لینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے شہباز کی جانب سے ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں وفاقی حکومت نے شامل کر دیا، نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باعث درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے 26مئی کے لیے عمل درآمد کیس میں نوٹسز جاری کررکھے ہیں لیکن ہم عمل درآمد سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے، اس لیے عدالت درخواست واپس کرے، شہباز شریف کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی 24 مئی کو سماعت کریں گے۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے حکومت مزید متحرک ہوگئی، وفاقی حکومت کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے ، اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں شہباز شریف سے متعلق اپیل پر جلد سماعت کی متفرق درخواستیں دائر کردی گئیں، وفاقی حکومت کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے ، کیوں کہ کیس پر جلد سماعت نہ ہونے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا جب کہ کیس سے درخواست گزار کے حقوق وابستہ ہیں۔

FOLLOW US