اسلام آباد : اسلام آباد میں شاہ سلمان مسجد کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں سعودی سفیر کی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی تحفے کا اعلان کیا گیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب بتایا گیا تھا کہ “اسلام آباد میں جدید طرز تعمیر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد تعمیر ہوگی ۔ بعد ازاں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی فرمانروا نے اسلام آباد میں نئی گرینڈ جامع مسجد کی تعمیر کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی تھی۔
جبکہ اب سعودی فرمانروا نے مذکورہ مسجد کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس حوالے سے نیسپاک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے نیسپاک کو مسجد کے ڈیزائن کا کام تفویض کیا تھا جو کہ سیکٹر ایچ-10 میں تعمیر کی جائے گی۔ عبدالعزیز گرینڈ مسجد ایک بہت بڑا کمپلیکس ہوگا جو تحقیق ، مکالمہ اور تعلیم کا ایک مرکز ہوگا جہاں علمائے کرام اور طلباء اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ مسجد نماز کے لئے یونیورسٹی کی آبادی کی ضرورت کو بھی پورا کرے گی کیونکہ ہزاروں طلبہ اور عام نمازی اس عظیم الشان مسجد کو استعمال کریں گے۔ مسجد کا مجوزہ ڈیزائین اسلامی فنون لطیفہ اور فن تعمیر کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ مسجد کی تعمیر یونیورسٹی کے بلند و بالا مقاصد کے حصول کی سمت ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔مسجد کے اندرونی ہال میں کافی گنجائش ہوگی جہاں 4000 مرد اور 2000 خواتین نماز پڑھیں گی جبکہ کھلے صحن میں بھی 6000 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ 32 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار اس منصوبے میں اکتالیس ہزار دو سو مربع میٹر کے رقبے کا احاطہ کیا جائے گا۔یہاں ایک لائبریری اور میوزیم ہوگا جبکہ مسجد میں کانفرنسوں کے لئے محمد بن سلمان آڈیٹوریم بھی ہوگا۔
#تقارير_واس | مشروع جامع #خادم_الحرمين_الشريفين بالجامعة الإسلامية العالمية بإسلام آباد.. رسالة سلام وإخاءhttps://t.co/B8HJJ1O7sh #واس_عام pic.twitter.com/l4fd71Kryu
— واس العام (@SPAregions) May 7, 2021
اس مسجد میں آٹھ ہزار پانچ سو مربع میٹر پر مشتعمل باغ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ، جبکہ 7000 مربع میٹر کی پارکنگ کی جگہ مختص کی گئی ہے۔ مسجد کی تعمیر کے حوالے سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ یہ مسجد پاکستان میں ایک اور قابل قدر اضافہ ہوگا جس سے دونوں بھائی ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے شاہ سلمان بن عبد العزیز کی مسلم دنیا کی ترقی کے لئے خدمات کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز مسجد تعلیم کو فروغ دینے کے سعودی عرب کے عزم کی علامت ہوگی ۔