Wednesday November 27, 2024

پی پی 70 ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے 40 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے الیکشن جیت لیا

بدین : پی پی 70 ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے 40 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے الیکشن جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 70 بدین میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں حلقہ کے تمام 123 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی ہے۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں صوبے کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی اپنی نشست دوبارہ جیتنے میں کامیاب رہی۔ پیپلز پارٹی کو ضمنی الیکشن میں باآسانی فتح حاصل ہوئی، صوبے کی حکمراں جماعت کے امیدوار حاجی محمد کو 46 ہزار سے زائد ووٹ حاصل ہوئے۔ جبکہ ان کے مدمقابل جے یو آئی ف کے امیدوار گل حسن صرف 6 ہزار سے کچھ زائد ووٹ حاصل کر سکے۔

پی ایس 70 ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت 6 جماعتوں کے امیدوار مدمقابل تھے۔ سندھ اسمبلی کی یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی بشیر احمد کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے کے 123 پولنگ سٹیشنز میں سے 41 کو حساس جبکہ 12 کو انتہائی حساس قرار دیا تھا۔ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں شام 5 بجے تک ہولنگ کا عمل جاری رہا۔ ووٹنگ کیلئے عوام کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ووٹنگ کے دوران سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں اور ماسک پہن کر آئیں۔ ووٹنگ کا عمل چیک کرنے کیلئے ہر پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر خفیہ کیمرے بھی لگائے گئے، جبکہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اور پولیس کے مستعد دستے بھی تعینات رہے۔

FOLLOW US