Tuesday July 1, 2025

جہانگیرترین گروپ نے وزیر اعظم کیلئے نئی مشکل کھڑی کردی مزید6ایم پی اے،ایم این اے ترین گروپ میں جانے کیلئے تیار

لاہور : سینئر تجزیہ کار طاہر ملک کا کہنا ہے کہ لیاقت خٹک سمیت پانچ سے چھ ایم پی اے اور ایم این اے جلد جہانگیر ترین کے ساتھ جڑنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلدی لیاقت خٹک جہانگیر ترین کے ساتھ جوڑنے والے ہیں۔دو تین روز میں مزید پانچ سے چھ رہنما جہانگیر ترین گروپ کی حمایت کا اعلان کریں گے۔اس صورت حال میں عمران خان کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔ پاکستان تحریک انصاف میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پہلے ہی خیبر پختونخواہ میں بھی انٹری دے دی تھی۔خیبر پختونخواہ کے ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ہم خیال گروپ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر راجا ریاض کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے راجا ریاض نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم خیال گروپ کو خیبرپختونخوا سے 5 ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے تاہم ان کے نام وقت آنے پر ہی بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کے علاوہ مزید ایم این ایز سے بھی رابطے میں ہیں۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں گروپ کی فی الوقت ضرورت نہیں ہے تاہم ضرورت پڑنے پر خیبرپختونخواہ اسمبلی میں بھی گروپ بنا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان جہانگیر خان کے ہم خیال سیاستدانوں نے جہانگیر ترین گروپ کے باقاعدہ قیام کا اعلان کیا۔
جہانگیر ترین گروپ نے فوری طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرز بھی مقرر کردیے ہیں۔پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان کے مطابق راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین گروپ نے تین رکنی مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال اور وہ خود شامل ہیں۔