لاہور : ماہرہ خان پاکستانی فلم اور ٹیلی وژن انڈسٹری کی سپر سٹار ہیں ، انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی اپنے فن کا لوہا منوایا ، انہوں نے بھارت میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس میں زبردست کردار اداکیا جسے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ۔تاہم پاک بھارت کشیدگی اب فنکاروں کو سرحد پار اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے ۔ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق ماہرہ خان نے ایک فلم کی ساتھی اداکارہ انوپما چوپڑا کیساتھ حالیہ انٹرویو میں ماہرہ خان نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے تجربے اور ساتھی اداکارؤں کے تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے جو دونوں ممالک میں ہوا وہ افسوسناک ہے ، جب میں اس بارے میں سوچتی ہوں ،
تو مجھے لگتا ہے کہ ہم آگے بڑھ گئے ہیں اور ہم نے پورے بر صغیر کے اکٹھے ہونے اور باہمی تعاون کا ایک بہت بڑا موقع ضائع کر دیا ۔میرے خیال میں یہ دوبارہ ہو سکتا ہے ، مگر اس بارے میں حتمی کون کہہ سکتا ہے ۔ ماہرہ خان نے کہا کہ اس وقت مجھے بہت سی پیشکش کی گئیں ، شائد یہ سننے میں عجیب لگے لیکن میں خوفزدہ تھی ، میں اس لئے خوفزدہ نہیں تھی کہ لوگ کیا کہیں گے بلکہ مجھے یہ خوف تھا کہ اگر میں وہاں گئی تو پتہ نہیں کیا ہوگا، لیکن وہاں بہت کچھ تھا جسے میں گنوانا نہیں چاہتی تھی ۔ بھارتی اداکاروں کیساتھ کام کرنے کے مزید مواقعوں پر ماہرہ نے کہا مجھ یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ میں ان کیساتھ کام کرتے ہوئے ڈر رہی تھی ،لیکن ا میں کچھ اور طرح کی ہوں ، ماضی میں جو کچھ سیاسی طور پر ہوا ہم اسے روک نہیں سکتے لیکن یہ آپ کی پسند پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ تو مجھے نہیں لگتا کہ میں مزید ایسا کچھ کروں گی اور مجھے امید ہے کہ ہم تعاون کریں گے چاہے وہ ڈیجیٹل طریقے سے ہو یا کسی اور طرح سے ۔