وکیو : عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث جاپان نے پاکستانی مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی ، یہ پابندی پاکستان اور بھارت سمیت مجموعی طور پر 152 ملکوں کے مسافروں پر لگائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کےتیزی سے پھیلنے پر یہ فیصلہ کیا گیا ، پاکستان بھارت اور دیگرکئی ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر پابندیوں کا اطلاق 13مئی بروز جمعرات سے ہوگا، اس دوران جاپان کے مستقل رہائشی، ورکنگ ویزا رکھنے والےغیر ملکی بھی داخل نہیں ہوسکیں گے، صرف جاپانی شہریوں کو جاپان میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح کویت نے بھی پاکستان سمیت 4 ممالک سے مسافر پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کر دی ، خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کورونا خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات کے بعد کویت نے بھی 4 جنوبی ایشیائی ممالک سے براہ راست مسافر پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کی ہے ، کویتی حکومت کے اعلان کے مطابق پاکستان، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے براہ راست مسافر پروازوں کو کویت میں لینڈنگ کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم کارگو پروازیں معمول کے مطابق چلیں گی، مذکورہ 4 ممالک کے شہری اگر کسی دوسرے ملک میں 14 روز کا قرنطینہ اختیار کر کے کویت آنا چاہیں تو اس صورت میں انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل اماراتی حکومت نے بھی پیر کے روز پاکستان سے آنے والی تمام مسافر پروازوں پر پابندی لگا دی ، اماراتی حکومت نے بھی یہ پابندی پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والی مسافر پروازوں پر عائد کی ہے ، فی الحال اس پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ، تاہم اماراتی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس پابندی کے بعد ٹرانزٹ ویزہ والے مسافروں کو بھی یو اے ای آنے کی اجازت نہیں ہو گی ، یہ پابندی پاکستان سے آنے والی مقامی ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ایئر لائنز پر بھی لاگو ہو گی البتہ دیگر ممالک سے پاکستان جانے والے مسافروں کو ٹرانزٹ ویزہ پر امارات رُکنے کی اجازت ہو گی ، ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔