Thursday November 28, 2024

کم عمرترین پاکستانی نوجوان نے بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پرسبزہلالی پرچم بلند کردیا

لاہور : پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کر کے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق 19 سالہ نوجوان شہروزکاشف نے 8849 میٹربلند چوٹی سرکرلی۔ جس کے بعد شہروز کاشف بلند ترین چوٹی سرکرنے والے کم عمرترین پاکستانی بن گئے ہیں۔ البتہ شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پانچویں پاکستانی بن گئے ہیں۔ شہروز نے آج صبح 5 بج کر 5 منٹ پر ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا ہے۔ 8 ہزار 849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ہے۔ شہروز پاکستان سے اپنی مدد آپ کے تحت اکیلے نیپال گئے تھے۔ شہروزکاشف کی 8 ہزارمیٹرسے بلند چوٹی کی دوسری کامیابی ہے۔ قبل ازیں شہروزکاشف 17 سال کی عمرمیں براڈپیک پرقومی پرچم لہرا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا میں 8 ہزارمیٹرسے زیادہ بلند 14 پہاڑی چوٹیاں موجود ہیں۔

8 ہزارمیٹرسے اونچی 8 چوٹیاں سرکرنے کا اعزازپاکستان کے محمدعلی سدپارہ کا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کسی طور ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، پاکستان کے ہر شعبے میں کوئی نہ کوئی ایسا ہونہار شخص ضرور موجود ہے جو اپنے ہنر اور ٹیلنٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتا ہے۔ گذشتہ ماہ بھی پاکستان کے دو کوہ پیماؤں نے نے دنیا کی 10 ویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کر کے تاریخ رقم کر دی اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔ نیپال میں واقع دنیا کی دسویں بڑی چوٹی انا پورنا کی اونچائی 8 ہزار 91 میٹر ہے، جسے پہلی مرتبہ پاکستانی کوہ پیماؤں نے سر کیا ۔ چوٹی سر کرنے والے دونوں پاکستانی کوہ پیماؤں سر باز خان اور عبدالجوشی کا تعلق ہنزہ سے تھا۔ قبل ازیں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما اسد علی میمن نے براعظم افریقہ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ کیل کو دنوں کے بجائے گھنٹوں میں سر کی تھی، کوہ پیما اسد علی میمن نے براعظم افریقہ کی بلند ترین ماؤنٹ کیلی منجیرو صرف چودہ گھنٹے میں سر کی تھی۔

FOLLOW US