Thursday November 28, 2024

این آر او تو ہوچکا ہے ، شہباز شریف بھی باہرجاسکتے ہیں اور مریم نواز بھی این آر او سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار ہارون الرشید نے این آر او سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ہارون الرشید نے کہا کہ شہباز شریف کی بات جن سے ہونا تھی ہوگئی ہے۔ ان کو عدالت نے بھی ضمانت دے دی ہے۔ عمران خان کو بھی ادراک ہے کہ این آراو ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ووٹرز کو بتانا ہے کہ یہ سب کچھ کسی اور کی مرضی سے ہورہا ہے ۔ جو بھی ہے عدالت فیصلہ کررہی ہے یا نیب نرمی کررہا یا اسٹیبلشمنٹ میں کوئی عناصر ہیں جو کررہے ہیں ۔ یہ اقتدار کی جنگ ہے اس میں ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے ۔شہباز شریف اپنے بھائی جان کو قائل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں سپاہی سے لے کر افسرتک کوئی ایسا آدمی نہیں جو ان کی بھارت نوازی پر ناخوش نہ ہو، رنج کی شدت ہے ۔

بھارت ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے ۔ کبھی نواز شریف اور مریم نواز نے بھارت کے خلاف ایک لفظ بھی کہا ہے ؟ شہباز شریف بھی نہیں کہتے ۔ ن لیگ کے لیڈر بھی نہیں کہتے ۔ انہوں نے گفتگو کے دوران بتایا کہ سعودی عرب سے چند ماہ پہلے تلخی بڑھ گئی تھی۔عمران خان نے کہہ دیا تھا کہ میرے خلاف سازش میں بعض عرب ممالک بھی شامل ہیں، شاہ محمود قریشی نے بھی بیان دیا، تاہم اب وہ تلخی ختم ہوگئی ہے۔ وزیراعظم کا سعودیہ میں ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ پاکستان مضبوط ہو، وہ عمران خان کے خلاف کسی سازش میں شریک نہیں ہوگا۔ انہوں نے فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ فلسطین پرکچھ بھی نہیں کرے گی ۔ فلسطینیوں پر حالیہ مظالم پربیان تو پوپ ،اقوام متحد ہ ، امریکہ، یورپی یونین نے بھی دیا،یہ بیان دیتے رہیں گے، مگر اسرائیل کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کرے گا ۔اسرائیل ان کا علاقے میں تھانیدار ہے ،وہ اسے اور تقویت دیں گے ۔مسئلہ تو عالم اسلام اور عربوں کی بے حسی کا ہے جو ایک ایک کرکے اسرائیل کو تسلیم کررہے ہیں۔

FOLLOW US