اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اہم سنگِ میل عبور کر کے پاکستان کے پہلے سیاست دان بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے اور فوٹو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 50 لاکھ فالوورز کا اہم سنگِ میل عبور کیا، جس کے بعد وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پہلے پاکستانی سیاست دان بن گئے۔ انسٹاگرام کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اکاؤنٹ موجود ہیں۔ جن میں ٹویٹر، فیس بک بھی شامل ہیں۔ٹویٹر پر اُن کے فالوورز کی تعداد 1 کروڑ چھتیس لاکھ ہے جبکہ انسٹاگرام کی طرح وہ ٹویٹر پر بھی کسی اکاؤنٹ کو فالو نہیں کررہے۔ اسی طرح فیس بک پر اُن کے پیج کو 1 کروڑ سے زائد صارفین نے لائیک کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے فیس بک پیج سے اُن کے سرکاری دوروں یا تقریبات کے حوالے سے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جاتی ہیں۔
جنہیں صارفین نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ اُسے سیکڑوں لوگ شیئر بھی کرتے ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جب سے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مختلف بڑے اقدامات کیے، جنہیں دنیا بھر میں بہت زیادہ پذیرائی بھی ملی، علاوہ ازیں بطور کرکٹر بھی اُن کی عالمی شہرت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔یہاں یہ بات بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ پاکستان میں کسی اور سیاست دان کی سوشل میڈیا میں اتنی بڑی تعداد میں فالوونگ نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے علاوہ تحریک انصاف کے تمام پلیٹ فارمز پر علیحدہ اکاؤنٹس موجود ہیں جبکہ وزیراعظم ہاؤس کے اکاؤنٹس کا تعلق بھی بالکل علیحدہ ہیں، جن کو لاکھوں کی تعداد میں صارفین فالو کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کو نہ صرف پاکستان میں پسند کیا جاتا ہے، بلکہ دنیا بھر میں اُنہیں اُن کی کرکٹ اور پُرکشش شخصیت کی وجہ سے پسندیدگی کی سند سے نوازا جاتا ہے، تاہم اُن کی حکومت میں ملک کی خراب معاشی صورتحال اور مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے پاکستانی عوام اُنہیں تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ البتہ باوجود عوامی تنقید کے وزیراعظم عمران خان سوشل میڈیا پر پسند کی جانے والی شخصیت میں نمایاں ہیں۔