Monday January 20, 2025

دنیا میں سب سے بڑے منہ والی لڑکی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک امریکی لڑکی، جس کا دعویٰ ہے کہ اس کا منہ دنیا میں سب سے بڑا ہے، اپنے اسی بڑے منہ کی وجہ سے کس طرح لاکھوں روپے کما رہی ہے، سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کی رہائشی اس 30سالہ لڑکی کا نام سمانتھا ریمسڈیل ہے، جس کا منہ کھولنے پر اس قدر بڑا ہوتا ہے کہ وہ مکڈونلڈز سے ملنے والے تمام فرنچ فرائز ایک ساتھ منہ میں ٹھونس سکتی ہے۔ اس وقت سب سے بڑے منہ کا ریکارڈ جس شخص کے پاس ہے اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے، اس کا منہ 3.75انچ کھلتا ہے، جبکہ سمانتھا کا دعویٰ ہے کہ اس کا منہ 4انچ تک کھلتا ہے۔

سمانتھا نے لاک ڈاﺅن لگنے پر تفریح طبع کے لیے ٹک ٹاک پر اکاﺅنٹ بنایا تھا۔ وہ ٹک ٹاک پر اپنی گانے اور اداکاری کی صلاحیتوں سے لوگوں کو متاثر کرنا چاہتی تھی لیکن جلد ہی اس نے محسوس کیا کہ لوگ اس کے گانے اور اداکاری کی بجائے اس کے بڑے منہ سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اس احساس کے بعد سمانتھا نے اپنے منہ کو مختلف زاویوں سے کھول کر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانی شروع کر دیں جو بہت وائرل ہونے لگیں۔ اس کی یہ ویڈیوز ایسی مقبول ہوئیں کہ چند ماہ میں اس کے فالوورز کی تعداد15لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ وہ اپنی ان وائرل ویڈیوز سے ماہانہ لگ بھگ11ہزار پاﺅنڈ(تقریباً 23لاکھ روپے) کما رہی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ ”ٹک ٹاک مقبول ترین ویڈیوز بنانے والوں کو رقم دیتی ہے۔ اندازاً کمپنی کی طرف سے 1000ویوز پر 2سینٹ دیئے جاتے ہیں۔ میں جو ’فنی فیس ویڈیوز‘ بناتی ہوں ان پر لاکھوں ویوز آتے ہیں اوراچھی خاصی رقم کماتی ہوں۔ میں اپنی ایک وائرل ویڈیو پر اب تک 15ہزار پاﺅنڈ بھی کما چکی ہوں۔“

FOLLOW US