اسلام آباد : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں مزید اضافہ نہیں ہورہا۔کورونا کی نئی اقسام پہلے سے زیادہ خطرناک ہیں۔ جتنی پابندیاں اس وقت لگائی جا چکی ہیں اس میں مزید اضافے کی فی الحال ضرورت نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں تمام جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ کسی کے لیے الگ سے فیصلے نہیں کیے، تراویح اور نماز کے لیے جو ایس او پیز ہیں، مجالس کے لیے بھی وہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری ہوگیا تھا کہ اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ اس نوٹیفکیشن میں کسی خاص طبقے کا نام نہیں لیا گیا۔
حکومت کا فرض ہے کہ بلا تفریق سب کی جان کی حفاظت کرے۔ اسد عمرنے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ وفاق نے صوبائی حکومتوں سے مشورہ کیا تھا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ یوم علی کے جلوس میں محدود افراد کو شرکت کی اجازت دی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں شریک دو صوبوں کے نمائندوں نے کہا کہ ہم شرکا کی تعداد محدود نہیں رکھ سکیں گے۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کسی ایک خاص سرگرمی کیلئےالگ اصول نہیں بنا سکتی۔ اسد عمر نےعلما سے اپیل کی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آواز میں وزن ہے، اگر آپ لوگوں کو احتیاط کا درس دیں گے تو یہ عین دین کے مطابق ہوگا۔ واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 79 افراد کورونا کا شکار ہوئے، جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی تعداد 18 ہزار 149 ہو گئی، جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 213 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔