نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ڈیوٹی سر انجام دینے والے 700 سے زائد اساتذہ کورونا میں مبتلا ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے اساتذہ یونین کے ترجمان ڈاکٹر آر پی مشرا نے بتایا کہ اتر پردیش میں ہونے والے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والے 700 سے زیادہ اساتذہ کی کورونا سے موت ہوچکی ہے اگر ووٹوں کی گنتی کو موخر نہیں کیا گیا تو مزید تباہی کا خدشہ ہے۔ بھارت میں کورونا کی ہولناکی کے باجود ریاست اتر پردیش میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا گیا جو اپریل کے پہلے ہفتے سے شروع ہو کر گزشتہ روز ختم ہوا اور اب گنتی کا عمل جاری ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں 15 ہزار سے زائد اسکول ٹیچرز نے انتخابی عملے کے طور پر ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔بلدیاتی الیکشن کے بعد سے انتخابی عمل میں حصہ لینے والے اساتذہ تیزی سے کورونا کا شکار ہورہے ہیں۔ 700 سے زائد اساتذہ کی کورونا سے موت کے بعد ٹیچرز ایسوسی ایشن نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔