دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان نے روزے رکھ کر اپنے وزن میں حیران کن کمی کر ڈالی۔ گلف نیوز کے مطابق 26سالہ حمزہ فاروق نامی یہ نوجوان البرشہ کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت میں سکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرتا ہے۔ وہ 2017ءمیں دبئی گیا تھا، جس کے بعد سے اس کا وزن بڑھنا شروع ہو گیا اور اگلے دو سالوں میں وہ گوشت کا پہاڑ بن کر رہ گیا۔
گزشتہ سال ماہ رمضان میں اس نے روزے رکھنے شروع کیے اور پھر رمضان ختم ہو جانے کے بعد بھی وہ مسلسل 8ماہ تک روزے رکھتا رہا اور ان 8ماہ میں اس نے اپنے وزن میں 28کلوگرام کمی کر ڈالی۔ حمزہ کا کہنا تھا کہ ”دبئی آنے کے بعد میں کافی بسیار خور ہو گیاتھا،
جس کی وجہ سے موٹاپے کا شکار ہو گیا۔ میں خواہش کے باوجود کھانے سے ہاتھ نہیں کھینچ پاتا تھا تاہم گزشتہ ماہ رمضان کے دوران مجھے اپنی بھوک پر قابو پانے کا حوصلہ ملا اور میں نے جون 2020ءسے فروری 2021ءتک مسلسل روزے رکھے۔ میرا وزن جو 100کلوگرام سے زائد ہو چکا تھا اب 77کلوگرام رہ گیا ہے۔ میں نے کوئی ورزش نہیں کی، صرف روزے رکھ کر میں نے اپنے وزن میں اتنی کمی کی ہے۔“