Wednesday November 27, 2024

اہم سیاسی شخصیت ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کیلئے سرگرم ہو گئی پاکستان کی اہمیت دنیا میں دوبارہ بڑھ رہی ہے، روس، برطانیہ اور امریکا کے وفود پاکستانی قیادت سے ملاقات کر رہے ہیں

اسلام آباد : پاکستان کی اہمیت دنیا میں دوبارہ بڑھ رہی ہے، روس، برطانیہ اور امریکا کے وفود کی پاکستانی قیادت سے ملاقات، اہم سیاسی شخصیت ملک کے حالات خراب کرنے کیلئے سرگرم ہو گئی۔ نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ دنیا میں پاکستان کی اہمیت دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس، برطانیہ اور امریکا کے وفود پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ پاکستان امن کی جانب گامزن ہے، لیکن اپنے ہی ملک کے چند سیاسی عناصر ملکی حالات کو دوبارہ خراب کرنے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ملک کے حالات خراب کرنے کے لیے سرگرم عناصر میں مولانا فضل الرحمان بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دانستہ یا غیر دانستہ طور پر ملکی حالات خراب کرنا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جو کل باتیں کی میں اُنہیں دہرانے کی بھی جرأت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ ملک میں افراتفری پھیلے اور ملک امن کی جانب نہ جائے۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اب وزیراعظم عمران خان کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ اُن کی موجودگی میں ملک کے اہم ترین اداروں کی تذلیل بند ہو گی یا یہ عمل بند کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ کشمیر کا سودا کرکے کشمیریوں کو دشمن کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، قوم کے مستقبل کے فیصلے منافقت کے ساتھ اور چوری چھپے ہو رہے ہیں۔ جے یو آئی ف کے امیر نے الزام عائد کیا کہ ہم دشمن سے 24 گھنٹے بھی جنگ لڑنے کے قابل نہیں اسی لیے مفاہمت کے راستے ڈھونڈے جا رہے ہیں۔

جھوٹ بولا جارہاہے کہ بھارت بات کرنا چاہتا ہے جبکہ ہم اس قابل نہيں ہے کہ 24گھنٹے بھی دشمن سے جنگ لڑسکيں، اس ليے ہم مفاہمت جانب جارہے ہیں۔ حقیقت میں ہماری پوزیشن کمزور ہوتی جارہی ہے، ہم ترلے کررہے ہیں ،حکمرانوں میں معاملات چلانے کی صلاحیت ہی نہیں ۔ میں نے تھوڑی سی اشاروں کنایوں میں بات کہہ دی ہے، امید ہے جہاں پہنچنی چاہیے وہاں پہنچ جائے گی،ہم ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں، آپ چوری چھپے قوم سے دھوکہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہاتھا کہ ہم پہلے بھی میدان میں تھے، اب بھی ہیں اور آگے بھی میدان میں رہیں گے،رمضان شریف کے بعد ہم پہلے سے بہتر طاقت کے ساتھ میدان میں ہونگے۔ ہم جب بالکل تنہا تھے تب بھی پورے ملک کی سیاست پر چھائے ہوئے تھے،اب بھی اگر کوئی اکا دکا ادھر ادھر ہوجائے تو پرواہ نہیں کرنی چاہیے۔ یہاں سیاست ہی ختم ہوچکی ہے،ہمیں ایسی قیادت کو آگے لانا ہوگا جس پر قوم اعتماد کرے۔

FOLLOW US