نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) جن لوگوں کو بال گرنے کا مسئلہ درپیش ہو، انہیں کئی طرح کے تیل کی مالش کرنے کی تجویز دی جاتی ہے لیکن اب ایک ماہرامراض جلد نے اس کے برعکس حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ ویب سائٹ ’healthshots.com‘ کے مطابق ڈاکٹر منجول اگروال نامی اس ماہر کا کہنا ہے کہ بال گرنے کے مسئلے کے دوران تیل کی مالش الٹا نقصان کا سبب بن سکتی ہے اور بال گرنے میں کمی کی بجائے اضافہ ہو سکتا ہے۔ چنانچہ ایسی صورت میں سر کی جلد پر تیل کی مالش سے گریز کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر منجول اگروال، جو نئی دہلی کے فورٹیز ہسپتال کے شعبہ امراض جلد میں سینئر کنسلٹنٹ ہیں،
نے بتایا کہ ”ہمارے سر کی جلد پر بمشکل ایک لاکھ بال ہوتے ہیں اور ہر بال کا اپنا تیل پیدا کرنے کا میکانزم ہوتا ہے۔ یہ تیل ’Sebaceous‘ نامی غدود پیدا کرتے ہیں۔ یہ تیل بالوں اور سر کی جلد کے لیے کافی ہوتا ہے، چنانچہ سر کی جلد پر اضافی تیل لگانا کسی طور مناسب نہیں ہوتا۔ ایک طرف سر میں تیل لگانے سے خشکی میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں بال گرنے کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔ دوسرے یہ اضافی تیل سر کی جلد میں موجود ان غدودوں کا راستہ روک دیتے ہیں جو تیل پیدا کرتے ہیں۔ اس صورت میں ہیئر انفیکشن پیدا ہوتی ہے جسے Folliculitisکہا جاتا ہے۔ اگر یہ انفیکشن بالوں کی جڑوں تک پھیل جائے تو بال گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔لوگوں کو سر کی جلد پر تیل کی مالش کرنے کی بجائے بالوں پر تیل لگانا چاہیے۔ اس طرح بالوں میں نرمی آتی ہے اور وہ کم ٹوٹتے ہیں۔ “